ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو: شہر میں راشن کی فراہمی کیلئے کوپن نظام متعارف:یوٹی قادرکا بیان

بنگلورو: شہر میں راشن کی فراہمی کیلئے کوپن نظام متعارف:یوٹی قادرکا بیان

Mon, 25 Jul 2016 21:32:36  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو۔25جولائی(ایس او نیوز) برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی حدود میں اگلے ماہ راشن کارڈوں کے ذریعہ اناج کی فراہمی کوپن نظام کے تحت کی جائے گی۔ وزیر برائے شہری رسدو خوراک یوٹی قادر نے یہ بات بتائی ۔ اخباری نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تجرباتی طور پر اگست کے دوران کوپن نظام بی بی ایم پی کی حدود میں آزمایا جائے گا۔اگر یہ کامیاب رہا تو ریاست بھر میں اسے وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں کے پاس کوپن ہے انہیں مخصوص راشن کی دکان میں جاکر راشن لینے کی کوئی ضرورت نہیں ،بلکہ کسی بھی راشن کی دکان سے ان کوپنوں کے عوض راشن کی خریداری کرسکتے ہیں۔ راشن کی دکانوں کو راشن کے ذخیرہ کی فراہمی میں اس مقصد کے تحت دس فیصد اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں صرف مٹی کا تیل کوپن کے تحت دیاجارہا تھا۔ اس تجربے کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے اناج کی فراہمی بھی کوپن کے تحت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرضی راشن کارڈوں کی نشاندہی اور ان کے خاتمہ کیلئے محکمہ کی طرف سے سخت اقدامات جاری ہیں۔ فرضی راشن کارڈوں کو ختم کرنے کے بعد تمام راشن کارڈ ہولڈروں کو معیاری اناج کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ بی بی ایم پی کی حدود میں اس تجربہ کو کامیاب بنانے کیلئے تمام کارپوریٹروں کی طرف سے بھرپور تعاون درکار ہے۔ وزیر موصوف نے کہاکہ بی بی ایم پی کی حدو دمیں شروعات کوپن نظام کے تحت کی جارہی ہے، مرحلہ وار اس نظام کو اور ترقی دے کر محض ایس ایم ایس کے ذریعہ راشن کی فراہمی کا سلسلہ شروع کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے تمام پہلووں کا محکمہ جائزہ لینے میں مصروف ہے۔ وزیر موصوف نے بتایاکہ کوپن نظام کے تحت راشن کی فراہمی کیلئے دکانیں قائم کرنے کا اختیار نجی فریقین کو بھی دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ٹنڈر طلب کئے جاچکے ہیں۔ راشن کی فراہمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے نجی فریقین کو حکومت کی طرف سے ترغیبی رقم بھی مہیا کرائی جائے گی، ایک کوئنٹل چاول کی فروخت پر 36 روپے سے بڑھا کر 100روپئے کی ترغیبی رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جبکہ ایک لیٹر مٹی کے تیل کے عوض دی جانے والی ترغیبی رقم 70پیسے سے بڑھا کر دو روپے کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں میں ہر راشن کی دکان پر بی پی ایل راشن کارڈوں کی تعداد پانچ سو سے بڑھاکر چھ سو کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جبکہ شہری علاقوں میں فی دکان راشن کارڈوں کی تعداد بڑھا کر آٹھ سو کی گئی ہے۔ مقامی سطح پر نئی دکانوں کی شروعات کیلئے متعلقہ عہدیداروں کی جانچ اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی سفارش لازمی قرار دی گئی ہے۔ نئی راشن کی دکانیں انفرادی طور پر منظور نہیں کی جائیں گی، بلکہ سیلف ہیلپ گروپوں ، گرام پنچایتوں ، مختلف سوسائٹیوں وغیرہ کو منظور کی جائیں گی۔ دیہی علاقوں میں ہر سو مکانات کیلئے ایک راشن کی دکان کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔
 


Share: